09 اگست ، 2023
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی شیکھر دھون نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے میں اپنی ٹیم کی سوچ سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
اگلے 2 ماہ میں کم از کم 5 بار پاک بھارت ٹاکرا ممکن ہے، ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں پہنچنے کی صورت میں 2 بار یقینی طور پر پاک بھارت مقابلہ ہوگا جب کہ تیسری مرتبہ فائنل میں بھی پاک بھارت میچ ممکن ہے۔
اس کے علاوہ ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں بھی پاک بھارت میچ شیڈول ہے جب کہ ناک آؤٹ مرحلے میں بھی دونوں ٹیموں کا آپس میں مقابلہ ممکن ہے۔
اس حوالے سے شیکھر دھون نے بھارتی پروگرام میں گفتگو کی اور بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہمیشہ ہی مقابلہ اعصاب شکن ہوتا ہے۔
بھارتی کرکٹر نے ان مقابلوں کو یاد کرتے ہوئے جس کا ماضی میں وہ حصہ رہے، کہا کہ اس میچ کا دباؤ تو بہت ہوتا ہے لیکن میچ میں مزہ بھی آتا ہے۔
انہوں نے کہا 'ہمیشہ یہ خیال پایا جاتا ہے کہ ورلڈکپ چاہے ہار جاؤ لیکن پاکستان سے نہ ہارنا'
۔ بھارتی کرکٹر نے کہا کہ 'لیکن ورلڈ کپ جیتنا بھی ضروری ہے اور خدا کے فضل سے امید ہے کہ ہم اس بار ورلڈکپ جیتیں گے'۔
شیکھر دھون کا کہنا تھا 'پاکستان سے میچ کے اختتام پر کھلاڑی پْرسکون ہوجاتے ہیں کیونکہ پڑوسی ملک کے ساتھ کھیلنے کا دباؤہمیشہ ہی رہنا ہے، جب بھی میں گرین شرٹس کے خلاف کھیلا ہمیں زیادہ مرتبہ کامیابی ہی ملی'۔
انہوں نے کہا کہ 'فیلڈ میں کافی تناؤ رہتا ہے تاہم دونوں جانب کے کھلاڑیوں کے درمیان ہلکی پھلکی گپ شپ بھی ہوجاتی ہے'۔
شیکھر دھون نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں کھیلنے کا اپنا ہی ایک لطف ہوتا ہے، کھلاڑی کسی باہمی سیریز سے زیادہ میگا ایونٹ کے لیے تیاری کرتے ہیں، ہمیشہ چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاکر بڑے ہدف کی جانب بڑھا جاتا ہے۔