پاکستان

کراچی کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی تیاریاں

صوبے بھر میں منشیات فروشوں اور سپلائرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کیلئے جمعہ کو پولیس کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا— فوٹو: فائل
صوبے بھر میں منشیات فروشوں اور سپلائرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کیلئے جمعہ کو پولیس کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا— فوٹو: فائل

کراچی کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائرز کے خلاف پہلی مرتبہ بڑے کریک ڈاؤن کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کیلئے اضلاع کی بنیاد پر تعلیمی اداروں میں فروخت اور وہاں منشیات سپلائی کرنے والوں کی فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں، منشیات فروشی اور سپلائی میں ملوث ملزمان کی تفصیلات اور موبائل نمبر بھی فہرست میں شامل ہیں جبکہ فہرستوں میں بیشتر منشیات فروشوں کا کرمنل ریکارڈ آفس کا ڈیٹا بھی منسلک کیا گیا ہے۔

کراچی تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے خلاف تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق ضلع جنوبی کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کے 12 گروہ متحرک ہیں، ملیر کے تعلیمی اداروں کے اطراف تین بڑے گروپس کام کررہے ہیں جبکہ کورنگی میں سرکاری اسکولوں کے احاطے میں قائم گھروں سے ایک خاندان منشیات سپلائی کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لیاری کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 3 بڑے گروہ کام کر رہے ہیں، ضلع وسطی میں 5 گروہ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروخت کرتے ہیں جبکہ ضلع شرقی میں 30 سے زائد ملزمان پر مشتمل گروہ طلبا و طالبات کو نشہ فراہم کرتے ہیں۔

صوبے بھر میں منشیات فروشوں اور سپلائرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کیلئے جمعہ کو پولیس کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

مزید خبریں :