10 اگست ، 2023
چین میں ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستان کا 305 رکنی دستہ شرکت کرے گا، اسلام آباد میں پاکستان اسپورٹس بورڈ میں ہونے والے اجلاس میں قومی دستے کو حتمی شکل دے دی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ (ڈی جی پی ایس بی) شعیب کھوسہ کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود نے دستے میں پاکستانی ایتھلیٹس کی ایکریڈٹیشن، رہائش اور دوسرے انتظامات کے حوالے سے تفصیلات شیئر کیں۔
23 ستمبر سے ہینگ زو میں ہونے والے ان گیمز میں پاکستان 25 کھیلوں میں حصہ لے گا۔ قومی دستے میں 157 مرد اور 59 خواتین ایتھلیٹس شامل ہیں۔ مرد آفیشلز کی تعداد 52 اور 16 خواتین آفیشلز دستے کے ساتھ چین جائیں گے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ 85 مرد ایتھلیٹ، 17 خواتین ایتھلیٹس اور آفیشلز کے اخراجات برداشت کرے گا۔ پی ایس بی اسپیشل گرانٹ کے تحت 17 مرد ایتھلیٹس، 11 خواتین اتھلیٹس، 13 مرد آفیشلز اور ایک خاتون آفیشل کو بھی سپورٹ کرے گا۔
نیشنل فیڈریشنز اور پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے 55 مرد، 31 خواتین ایتھلیٹس اور 10 آفیشلز کی ذمہ داری لی ہے۔
پاکستانی دستے میں 75 فیصد مرد اور 25 فیصد خواتین کی نمائندگی رکھی گئی ہے۔ مجموعی طورپر پی ایس بی 138 ایتھلیٹس اور آفیشلز کا خرچ برداشت کرے گا،42 ایتھلیٹس اور آفیشلز پی ایس بی کی اسپیشل گرانٹ سے چین جائیں گے۔ نیشنل اسپورٹس فیڈریشنز اور پی او اے 125 افراد کے اخراجات ادا کرے گی۔