کراچی میں تاجرکا پوتا اغوا، 8 کروڑ روپے تاوان طلب

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 6 سالہ بچےکو مبینہ طور  پر اغوا کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق آج صبح اورنگی ٹاؤن علی گڑھ مارکیٹ کے قریب تاجر کے پوتےکو اغوا کیا گیا، واقعےکا مقدمہ اورنگی ٹاؤن تھانے میں مغوی بچےکے دادا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق مدعی کا کہنا ہےکہ وہ اپنے پوتے اور  پوتی کو صبح اسکول چھوڑنے جا رہا تھا کہ دو مسلح افراد نے  زبردستی گاڑی روکی اور  انہیں یرغمال بنا کر کےڈی اے  چورنگی لےگئے، جہاں پر دونوں ملزمان کا تیسرا ساتھی بھی موٹر سائیکل پر آگیا۔

تاجر کے مطابق ملزمان ہمیں چھوڑ کر گاڑی سے صرف اس کے پوتےکو اغوا کرکے لےگئے، ملزمان نے جاتے ہوئے بچےکی بازیابی کے لیے8 کروڑ روپے تاوان طلب کیا، واقعے کی اطلاع  پولیس کو  مددگار 15 کے ذریعے دی۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے اور  وہاں سے شواہد  جمع کرلیے ہیں، اطراف کی سی سی ٹی وی ویڈیوز  بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں :