11 اگست ، 2023
معروف اداکارہ صرحا اصغر کی جانب سے درج کرائے گئے زیادتی کی کوشش کے مقدمے میں اداکارہ کی عدم دلچسپی پر ملزم رہا ہوگیا۔
صرحا اصغر نے 2 اگست کو شارع فیصل تھانے میں عسکری 4 کے رہائشی کے خلاف ایف آئی آر نمبر درج کرائی تھی جس میں بتایا گیا کہ صرحا اصغر کسی گھریلو کام سے مارکیٹ گئی تھیں، گھر واپس آتے ہوئے ایک آوارہ شخص نے ان کا پیچھا کیا جو آوازیں لگاتا ہوا ان کے دروازے تک آیا اور انہیں پکڑنے لگا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق خطرہ بھانپ کر انہوں نے گھر کی گھنٹی بجائی جس پر ان کے شوہر لالہ عمر مرتضیٰ باہر نکلے تو مذکورہ شخص نے ان سے بھی لڑائی جھگڑا کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق اس شخص نے گھر میں گھس کر ان سے ہاتھا پائی کی اور ان کے کپڑے پھٹ گئے، شور شرابہ سن کر اہل محلہ جمع ہو گئے جنہوں نے اس آوارہ شخص عاصم کو پکڑ لیا۔
پولیس کے مطابق صرحا اپنے شوہر عمر مرتضیٰ اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ ملزم عاصم کو لے کر خود تھانے لائیں اور مقدمہ درج کرایا۔
تھانے کے شعبہ تفتیش کے انچارج کے مطابق مقدمے کے اندراج اور ملزم کو حوالہ پولیس کرنے کے بعد مدعیہ یا ان کے شوہر تھانے نہیں آئے، اگلے روز ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا تو عاصم نے تمام الزامات سے انکار کیا۔
خاتون جج نے زیادتی کا شکار مدعیہ کو طلب کیا تو وہ عدالت میں نہیں آئیں، یہاں تک کہ پولیس اور عدالت کے طلب کرنے پر واردات کے دوران پھٹے ہوئے کپڑے یا واقعہ کے کسی عینی شاہد کو بھی پیش نہیں کیا گیا، مدعیہ کی جانب سے کوئی وکیل بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق ملزم مدعیہ کا پڑوسی ہے، مدعیہ کے عدم تعاون پر عدالت نے ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جس پر انہیں رہا کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شعبہ انویسٹی گیشن ملزم کے خلاف مقدمے کا چالان پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے، مدعی فریق کے عدم تعاون کی وجہ سے ایف آئی آر خارج ہو سکتی ہے۔