11 اگست ، 2023
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیوایم لندن کے مزید 6 کارکنوں کی نظربندی کالعدم قرار دے دی۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت کی جس دوران عمران میو ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہا کہ ایم کیوایم کارکنوں کو 9 جولائی کے بعد زمان ٹاؤن تھانے میں درج مقدمے میں گرفتار کیا تھا لیکن عدالت سے رہائی کے حکم کے باجود شہریوں کو ایک ماہ کے لیے نظر بند کردیا گیا۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے سوال کیا کہ کیا سیکرٹری داخلہ سندھ کو ایم پی او تھری کے تحت شہریوں کو نظربند رکھنےکا نوٹیفکیشن جاری کرنےکا اختیار تھا؟ اس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ قانون کے مطابق سیکرٹری داخلہ کو شہریوں کو ایم پی او تھری کے تحت نظربندی کانوٹیفکیشن جاری کرنےکا اختیار نہیں۔
عدالت نے شہریوں کی بلاجواز نظر بندی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نظر بند شہریوں کو جن جن جیلوں میں قید رکھا گیا ہے فوری رہا کیا جائے۔
عدالت نے ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیتے ہوئے محمد اظہار اور محمد شفیق سمیت 6 کارکنوں کو جیل سے فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔