11 اگست ، 2023
استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر خان ترین نے نگران وزیراعظم کیلئے اپوزیشن لیڈر کی جانب سے دیے گئے ناموں کی حمایت کردی۔
اپنے بیان میں جہانگیر ترین کا کہنا تھاکہ نگران وزیراعظم کیلئے اپوزیشن لیڈر کی طرف سے دیے گئے ناموں کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے اپوزیشن کے تجویز کردہ نام کا انتخاب زیادہ بہتر ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ نگران حکومت کی تشکیل کیلئے استحکام پاکستان پارٹی اپوزیشن کے ساتھ کھڑی ہے اورامید ہے عبوری حکومت کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ 9 اگست کو قومی اسمبلی مدت مکمل ہونے سے قبل توڑ دی گئی ہے اور نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض ملاقات کرچکے ہیں جس میں دونوں طرف سے ناموں کا تبادلہ کیا گیا۔