رانی مکھرجی کے 5 ماہ کا حمل ضائع ہونیکا انکشاف

فلم ’مسز چٹرجی ورسز ناروے‘ مارچ 2023 میں ریلیز ہوئی تھی، یہ فلم کتاب جرنی آف مدر (ماں کا سفر) پر مبنی تھی__فوٹو: فائل
فلم ’مسز چٹرجی ورسز ناروے‘ مارچ 2023 میں ریلیز ہوئی تھی، یہ فلم کتاب جرنی آف مدر (ماں کا سفر) پر مبنی تھی__فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے اپنے پانچ ماہ کا حمل ضائع ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

رانی مکھرجی نے حال ہی میں انڈین فلم فیسٹیول میلبرن کے خصوصی ایونٹ میں شرکت کی جہاں گفتگو کے دوران اداکارہ نے اپنے شوبز کیرئیر کے مختلف مراحل پر بات کی اور ساتھ ہی انہوں نے نجی زندگی سے متعلق بھی انکشافات کیے۔

اداکارہ نے بتایا کہ عالمی وبا کووڈ 19 میں ان کا 5 ماہ کا حمل ضائع ہوگیا تھا۔

انہوں نے اپنی نئی فلم ’مسز چیٹرجی ورسز ناروے‘ کی تشہیری مہم کے دوران اپنے مس کیرج کے واقعہ کو اس لیے بیان نہیں کیا کیونکہ لوگ اسے ایک تشہیری طریقہ سمجھتے۔

رانی کے مطابق وہ 2020 میں دوسری مرتبہ حاملہ ہوئی تھیں لیکن اس بچے کی پیدائش نہ ہوسکی، ان کے حمل ضائع ہونے کے 10 دن بعد فلم کے پروڈیوسر نے اسکرپٹ کے ساتھ رابطہ کیا اور انہیں فلم کی کہانی اپنی ذہنی حالت سے قریب محسوس ہوئی۔

واضح رہے کہ فلم ’مسز چٹرجی ورسز ناروے‘ مارچ 2023 میں ریلیز ہوئی تھی، یہ فلم کتاب جرنی آف مدر (ماں کا سفر) پر مبنی تھی، یہ فلم سچے واقعہ پر مبنی ہے جو تقریباً 12 سال قبل ناروے میں ایک بھارتی جوڑے کے ساتھ پیش آیا تھا۔

فلم ماں کے گرد گھومتی ہے جو ناروے میں پھنسے اپنے بچوں کی حوالگی کے لیے لڑ رہی ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ رانی مکھرجی کی شادی 2014 میں بھارتی فلمساز آدتیہ چوپڑا سے ہوئی تھی جس کے ایک سال بعد ان کی پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

 بھارتی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ ان کی پہلی بیٹی کی قبل از وقت پیدائش ہوئی تھی۔

مزید خبریں :