Time 13 اگست ، 2023
پاکستان

سکیورٹی فورسز کا باجوڑ میں آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، ایک جوان شہید

ہلاک اور گرفتار دہشتگرد سکیورٹی فورسز کیخلاف کارروائیوں، بےگناہ شہریوں کے قتل اور خودکش دھماکوں میں سرگرم عمل تھے: آئی ایس پی آر۔ فوٹو فائل
ہلاک اور گرفتار دہشتگرد سکیورٹی فورسز کیخلاف کارروائیوں، بےگناہ شہریوں کے قتل اور خودکش دھماکوں میں سرگرم عمل تھے: آئی ایس پی آر۔ فوٹو فائل

سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں آپریشن کر کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں 12 اور13 اگست کی درمیانی شب دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔

شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ ہلاک اور گرفتار دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، دہشتگرد بےگناہ شہریوں کے قتل اور خودکش دھماکوں میں بھی سرگرم عمل تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 24 سالہ سپاہی محمد شعیب نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور فورسز پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید خبریں :