14 اگست ، 2023
پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر صدر پاکستان اور وزیراعظم نے قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔
ملک بھر میں آج 76 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔جشن آزادی کے موقع پر متوالوں نے رنگ برنگی لائٹس ، ہری بھری جھنڈیاں ،جھنڈے لگاکر پورا دیس سجا دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جشن آزادی کے موقع پرخصوصی پیغام میں کہا کہ تمام ہم وطنوں کو آزادی کی 76ویں سالگرہ پر مبار کباد پیش کرتا ہوں، بانیانِ پاکستان اور کارکنان تحریک ِپاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قیام پاکستان کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے، ہمیں عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے،قائدِ اعظم کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے تاریخی جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی،14 اگست کا دن ہمیں خود شناسی کا موقع فراہم کرتا ہے، ہم بابائے قوم کے وژن کے مطابق خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں اور معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کام کریں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آئیں عہد کریں جمہوریت، آزادی، عفو و درگزر اور اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے مظلوم بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں گے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلاتے ہیں۔
صدرعارف علوی نےقوم سے درخواست کی کہ ثابت قدم رہیں اور ملک کی ترقی کیلئے دل و جان سے کام کریں، آج قوم کو درپیش سماجی، سیاسی، معاشی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے، آئیں عزم کریں ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو 76 ویں یوم آزادی کی مبار کباد دی۔
وزیر اعظم نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان کے لیے جدوجہد کرنے والے مرد،عورتوں اور بچوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، لوگوں نے حصولِ پاکستان کے عزم اور لگن کی عالیشان مثال قائم کی تھی، پاکستان کے اس قیمتی تحفے کے لیے ہم ان عظیم رہنماؤں کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ علیحدہ وطن کے لیے جدو جہد ایسے خیال کی عکاس ہے جس کی جڑیں بہتر کل کی امید پر مبنی ہیں، یہ خیال ایک ایسے ملک کے لیے تھا جہاں ہمارے لوگ اپنی صلاحیتوں کو تلاش کر سکیں، اپنی شاندار روایات، اخلاقیات، ثقافت اور اقدار کے مطابق امن اور خوشحالی کی زندگی گزار سکیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا تصور عظیم تھا، قائد اعظم نے ثابت کیا کہ مسلمان ہر لحاظ سے ایک الگ قوم ہیں، قائد اعظم نے ایک پر امن جمہوری اور سیاسی جدوجہد کی قیادت کی،14 اگست صرف سیاسی آزادی کا جشن نہیں ہے ،ہمیں اتحاد اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہیں، کشمیری ظالمانہ بھارتی قبضے کے خلاف مستقل جد و جہد کر رہے ہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی عوام کو سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی جابرانہ قبضے کے خلاف غیر معمولی جذبے اور مزاحمت کا مظاہرہ کیا، بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ہم اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس تنازعے کے پرامن حل کی وکالت کرتے ہیں۔