15 اگست ، 2023
سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی شادی سے متعلق خبروں پر ان کے منیجر کا بیان سامنے آگیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کپتان کے منیجر نے کہا کہ یہ بات بابر اعظم اور ان کی فیملی کیلئے بھی ایک خبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نومبر میں بابر اعظم کی شادی سے متعلق گردش کرتی خبر غلط ہے، کپتان بابر اعظم نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے منیجر کے اس بیان کی توثیق کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کپتان بابر اعظم کے منیجر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غیر مصدقہ خبروں کو شیئر نہ کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ بابر اعظم کے انتہائی قریبی ساتھی نے تصدیق کی ہے کہ قومی کپتان کے گھر والے ان کی شادی رواں برس بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ کے بعد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قوی امکانات ہیں کہ بابر اعظم کی شادی ورلڈکپ کے بعد نومبر میں ہو رہی ہے، کپتان کے اہلخانہ نے منصوبہ بندی کی ہے کہ دسمبر میں ہونے والے پاکستان کے آسٹریلیا ٹور سے قبل اور ورلڈکپ کے بعد جو کچھ دن بچیں گے، اس میں شادی کردی جائے۔
خبر میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ بابر اعظم کی شادی ان کی کزن سے ہورہی ہے جو رشتے میں ان کی خالہ کی بیٹی ہیں۔
واضح رہے کہ 2021 میں خبر سامنے آئی تھی کہ بابر اعظم کا رشتہ ان کی چچا زاد سے طے ہوگیا ہے اور بیٹر 2022 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔