15 اگست ، 2023
گلگت کی غیر سر شدہ پہاڑی کو سر کرنے کی کوشش کرنے والے دو جاپانی کوہ پیما حادثے کا شکار ہو گئے، ایک لاپتا ہو گیا۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق دونوں جاپانی کوہ پیماء تاکایاسو سیمبا اور شنجی تمورا گلگت کے علاقے خپلو کے گاؤں کاندے کی پہاڑی سر کرنے کیلئے روانہ ہوئے تھے، دونوں کوہ پیما اب تک سر نہ ہونے والی پہاڑی سر کرنا چاہتے تھے۔
الپائن کلب کے مطابق پہاڑی سر کرتے ہوئے 11 اگست کو دونوں جاپانی کوہ پیما حادثے کا شکار ہوکر 70 میٹر نیچے آگرے تھے، حادثے کے وقت دونوں 5380 میٹر کی بلندی پر تھے۔
الپائن کلب کے مطابق زخمی تاکایاسو سیمبا اپنی مدد آپ کے تحت واپس بیس کیمپ پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے تاہم شنجی تمورا شدید زخمی ہونے کے بعد پہاڑ میں پھنس گئے تھے۔
الپائن کلب نے بتایا کہ رات گئے پہاڑ پر روشنی سے اندازہ لگایا گیا تھا کہ شنجی پہاڑ پر پھنسے ہوئے ہیں تاہم ریسکیو ٹیم کو پہاڑ پر شینجی کا کلائمبنگ کا سامان ایک گہرے شگاف کے قریب ملا تھا۔
الپائن کلب کے مطابق زخمی کوہ پیما کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو پہنچا دیا گیا تھا تاہم 3 دن تک تلاش کے بعد بھی شینجی کا سراغ نہ ملا جس پر ریسکیو آپریشن ختم کردیا گیا۔