16 اگست ، 2023
شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلے ہوا جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں، بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس جاری ہے۔علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔