16 اگست ، 2023
قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ مزید تاخیر کا شکار ہوگئے ہیں، اس معاملے پر بات چیت کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں سے مختلف شقوں پر بات چیت جاری ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے علاوہ دیگر لیگز کی اجازت کے معاملے پر بات چیت ہو رہی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مختلف مد میں ملنے والے منافع میں کرکٹرز کو شامل کرنے پر بھی بات چیت کا عمل جاری ہے، بات چیت کا عمل جلد مکمل ہونے پر اعلان کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) قابل قبول اور قابل عمل سینٹرل کنٹریکٹ ترتیب دینے کے لیے کوشاں ہے، قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو گئے تھے، جس میں ایک ماہ کی توسیع دی گئی تھی۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم میں دگنا اضافے کی خوشخبری سنا چکے ہیں، ریڈ اور وائٹ بال کی الگ الگ کیٹیگریز ختم کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگریز میں سینٹرل کنٹریکٹ ملیں گے، تینوں فارمیٹس کی میچ فیس میں مجموعی طور پر اضافہ کیا جائے گا۔
ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے گاجبکہ ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا آج اعلان کیا جائے گا۔