16 اگست ، 2023
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت 22 اگست کو ہو گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سزا کےخلاف اپیل پر سماعت ڈویژنل بینچ کرے گا، دو رکنی بینچ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری پر مشتمل ہو گا۔
یاد رہے کہ سیشن جج اسلام آباد ہمایوں بابر نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں عدالت نے 5 اگست کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سز اسنائی تھی جس کے بعد اسی روز عمران خان کو زمان پارک سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی اور ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے گھر والوں اور وکلا کو اٹک جیل میں ان سے ملاقات کی اجازت بھی دے رکھی ہے اور گزشتہ روز بھی بشریٰ بی بی نے اٹک جیل میں عمران خان نے تقریباً دو گھنٹے کی ملاقات کی تھی۔