16 اگست ، 2023
اسلام آباد پولیس نے توشہ خانہ کی گھڑی کی جعلی رسیدیں بنانے کا معاملے پر سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی آڈیوز کا فارنزک کرانےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عدالتی احکامات کے بعد بشریٰ بی بی توشہ خانہ کی گھڑی کی جعلی رسیدیں بنانے سے متعلق کیس میں شامل تفتیش ہوئی تھیں جس دوران بشریٰ بی بی سے دو آڈیو لیکس سے متعلق سوالات کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کا کہنا تھا آڈیوز میں آواز میری نہیں ہے، بشریٰ بی بی کے انکار کے بعد پولیس ٹیم نے آڈیوز سنوائیں، سننے کے بعد بشریٰ بی بی نے آڈیوز کو فیک قرار دے دیا۔
ذرائع اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں آڈیوز کی فارنزک رپورٹس کو کیس ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے گا، پولیس تفتیشی ٹیم نے 25سوال تیار کیے، 23 سوال بشریٰ بی بی سے پوچھے گئے جن میں سے زیادہ تر توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بشریٰ بی بی نے جعلی رسیدیں بنانے کا الزام رد کیا اور ان کا کہنا تھا رسیدیں کہاں سےآئیں کس نے بنوائیں ہم نہیں جانتے، توشہ خانہ گھڑی سے متعلق چلنے والی تمام خبریں بےبنیاد ہیں۔