Time 16 اگست ، 2023
کھیل

فیفا ویمنز ورلڈکپ: انگلینڈ آسٹریلیا کو 1-3 سے شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا

فوٹو: @FIFAWWC
فوٹو: @FIFAWWC

فیفا ویمنز فٹ بال ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے میزبان آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ میگا ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنالی۔

سڈنی میں کھیلےگئے دوسرے سیمی فائنل میں انگلش ٹیم نے 36 ویں منٹ میں برتری حاصل کی، یہ سبقت ایلا ٹونی نے دلائی جنہوں نے عمدہ اسٹرائیک سے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی۔

وقفے پر مقابلہ ایک صفر سے انگلینڈ کے حق میں تھا، دوسرے ہاف میں آسٹریلوی کھلاڑیوں نے انگلش ٹیم پر  زبردست حملے کیے، اس کے نتیجے میں اُن کی اسٹار کھلاڑی سیم کیر نے 25 میٹر کے فاصلے سے تیز رفتار کک کے ذریعے گول کرکےمقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا۔

71 ویں منٹ میں انگلش کھلاڑی ہیمپ نے ڈیفنس کی غلطی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئےگول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔86 ویں منٹ میں رُوسو نے تیسرا گول کرکے انگلینڈ کی برتری مستحکم اور جیت یقینی بنادی۔

اتوار 20 اگست کو کھیلے جانے والے فائنل میں انگلینڈکا مقابلہ اسپین سے ہوگا، دونوں ٹیمیں پہلی بار ویمنز ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی ہیں۔

مزید خبریں :