18 اگست ، 2023
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پیپلزپارٹی کا علاقائی عہدیدار جاں بحق ہوگیا ۔
اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے امجد حسین نامی شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
ایس ایس پی فیصل بشیر میمن کے مطابق موٹر سائیکل پر تین ملزمان سوار تھے ۔ تینوں نے اپنا چہرا چھپانے کی غرض سے سرجیکل ماسک پہنا ہوا تھا جبکہ امجد گلی میں کھڑا تھا کہ ملزمان پہنچے اور انہوں نے فائرنگ کردی ۔
ملزمان کچھ دور جاکر دوبارہ واپس آئے اور دوبارہ امجد پر فائرنگ کی جس کے بعد وہ فرار ہوگئے ۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے ۔ فوری طور پر قتل کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔مقتول پیپلزپارٹی کا علاقائی عہدیدار بھی تھا ۔
اسپتال حکام کے مطابق امجد حسین کو جسم کے مختلف حصوں پر 10 گولیاں لگی ہیں ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔