کورولوش عثمان کے ہدایتکار مہمت بزداغ کو پاکستان کی یاد ستانے لگی

شہرہ آفاق ڈرامے 'ارطغرل غازی' کے سیکوئل 'کورولوش عثمان' کے ہدایت کار اور پروڈیوسر مہمت بوزداغ نے  پاکستان کے ساتھ  مشترکہ پراجیکٹ پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو  کے دوران مہمت بزداغ نے رواں برس موسم سرما میں  پاکستان جانے کی منصوبہ بندی کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ ستمبر کے بعد پاکستان جانے کا ارادہ ہے، میں پاکستان کو بہت  مس کررہا ہوں، صدر مملکت پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے  کئی بار مدعو کیا جاچکا ہے۔

 پاکستان کے دورے سے متعلق مہمت بوزداغ کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے کے بعد یونیورسٹیوں کا دورہ کروں گا، ہم پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر  مغل حکمران  بابر سے متعلق  ڈرامہ سیریز بنانا چاہتے ہیں، اگر پاکستان میں ہمیں اس پر کوئی سرمایہ کاری کرنے والا مل جائے تو بابر پر کام ہوسکتا ہے ، ہم پاکستان کے ساتھ  کسی مشترکہ منصوبے پر  کام کرنا چاہتے ہیں، اب برادرانہ تعلقات کو عملی جامہ پہنانے  کا وقت آگیا ہے۔

آرٹ میں بھی پاکستان کے سرمایہ کاروں کے ساتھ کام کرنے کا وقت آن پہنچا ہے: مہمت 

انہوں نے کہا کہ  آرٹ میں بھی پاکستان کے سرمایہ کاروں کے ساتھ کام کرنے کا وقت آن پہنچا ہے ۔

مزید برآں  مہمت نے پاکستان کی تاریخ سے متعلق دیگر پراجیکٹ میں بھی کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ڈرامہ سیریز کی کامیابی پر مہمت بزداغ  نے کہا کہ اگر آپ کو اپنے کام سے عشق ہو آپ  گہری دلچسپی رکھیں  تو آپ ضرور کامیابی حاصل کرتے ہیں، ہم نے اپنی کہانی میں جن ہیروز کو پیش کیا ہے وہ عالمی شہرت یافتہ ہیں، دنیا کی تاریخ پر اپنے انمٹ نقوش چھوڑنے والی ممتاز شخصیت ہیں۔

مہمت بزداغ کا کہنا تھا کہ ہم نے اس کہانی کو مؤثر طریقے سے پیش کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، دنیا کے ہر کونے سے اس کہانی کو بڑی دلچسپی اور محبت سے دیکھا گیا ہے، ہم گزشتہ 10 سالوں سے اس بارے میں سوچ رہے تھے، آہستہ آہستہ اس کام کو مکمل کیا اور اس سیٹ کو مکمل کرلیا، اس سیٹ پر آنے والے سیاح اس ڈرامے میں موجود کرداروں کو دنیا سے متعارف کرنے والوں میں شراکت دار بنیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم 2،  3 سال قبل  اس سیٹ کو کھولنے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن  کورونا  کی وجہ سےتاخیر  ہوگئی جس کے بعد اس سیٹ کو ہم نے اب کھولا ہے ، ہم یہاں شائقین کیلئے یہاں آؤ بھگت کرنا چاہتے ہیں۔

مہمت نے مستقبل کے پراجیکٹس سے متعلق آئندہ ایک سے دو نئی سیریز بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

مزید خبریں :