18 اگست ، 2023
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے آج بھی پاکستان واپسی کی تاریخ نہیں بتائی۔
لندن میں جب ان سے ایک صحافی نے پاکستان واپسی کا سوال کیا تو ان کا جواب تھا کہ بتائيں گے آپ کو ، پھر سوال ہوا کہ کیا آپ ن ليگ کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے؟ اس پر نواز شریف بولے ان شاء اللہ۔
گزشتہ دنوں شریف فیملی کے ذرائع کی جانب سے جیو نیوز کو تصدیق کی گئی تھی کہ نواز شریف کو ان کی جماعت کے چند رہنماؤں نے ستمبر کے وسط میں آنے پر اصرار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے وکلا اور سیاسی رفقا نے نواز شریف دورہ مڈل ایسٹ اور یورپ کے فوراً بعد وطن واپسی کا مشورہ دیا تھا تاہم اب تصدیق کی گئی ہے کہ نواز شریف ستمبر کے وسط میں پاکستان پہنچیں گے۔
نواز شریف4 برس قبل پاکستان سے برطانیہ علاج کرانے آئے تھے اب ان کی واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور مریم نواز پارٹی قائد نواز شریف کی واپسی کے لیے ان سے مسلسل رابطے میں رہے ہیں، وزیر اعظم کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے شہباز شریف پارٹی قائد سے ملاقات کے لیے آئندہ ہفتہ لندن پہنچیں گے۔