Time 20 اگست ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ نے خاموشی سے بہترین فیچر متعارف کرا دیا

کمپنی کی جانب سے اس نئے فیچر کا اعلان نہیں کیا گیا / فائل فوٹو
کمپنی کی جانب سے اس نئے فیچر کا اعلان نہیں کیا گیا / فائل فوٹو

واٹس ایپ نے 2023 کا ایک بہت بڑا فیچر مئی میں متعارف کرایا تھا جس کے بعد کسی بھی میسج کو ڈیلیٹ کرنے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔

میسج ایڈیٹنگ کا فیچر متعارف کراتے ہوئے کمپنی نے کہا تھا کہ ہم صارفین کو ان کی چیٹ کے حوالے سے مزید کنٹرول فراہم کر رہے ہیں اور اب وہ میسج میں اسپیلنگ کی غلطی کو درست کر سکیں گے یا اس میں مزید الفاظ کا اضافہ کر سکیں گے۔

کسی میسج کو ایڈٹ کرنے کے لیے صارفین کے پاس 15 منٹ کا وقت ہوتا ہے مگر اب تک صرف ٹیکسٹ میسجز کو ایڈٹ کرنا ممکن تھا، فوٹوز، آڈیو یا ویڈیو کے کیپشن کو ایڈٹ نہیں کیا جا سکتا تھا۔

اب میٹا کی زیر ملکیت کمپنی نے خاموشی سے اس فیچر کو پہلے سے بھی زیادہ بہتر بنا دیا ہے۔

صارفین اس نئے فیچر کی مدد سے اب میڈیا فائلز کے کیپشن میسج کو بھی ایڈٹ کر سکیں گے۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

اس کو استعمال کرنے کے لیے تصاویر، ویڈیوز یا دیگر فائلز کو بھیج کر 15 منٹ کے اندر ان کے کیپشن کو ایڈٹ کرنا ہوگا۔

اس نئی تبدیلی سے واٹس ایپ صارفین کو میڈیا فائلز والے میسج بھیجنے کے بعد ان کے کیپشن میں موجود غلطیوں کو درست کرنے کا موقع مل سکے گا۔

اگر ایپ اپ ڈیٹ کرنے کے باوجود ابھی میڈیا فائلز والے میسجز کے کیپشن کے ایڈٹ کا آپشن نظر نہیں آرہا تو کچھ انتظار کرلیں، آئندہ چند دن میں یہ فیچر تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

مزید خبریں :