دنیا
Time 20 اگست ، 2023

تین سال میں اقتدار سویلینز کے سپرد کردوں گا، نائجر کے فوجی حکمران کا وعدہ

اقتدار منتقلی سے متعلق قوائد و ضوابط فوجی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد 30 روز میں طے کر لیے جائیں: جنرل چیانی— فوٹو: فائل
اقتدار منتقلی سے متعلق قوائد و ضوابط فوجی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد 30 روز میں طے کر لیے جائیں: جنرل چیانی— فوٹو: فائل

نائیجر میں سکیورٹی خدشات پر صدر محمد بازوم کا تختہ الٹ کر حکومت پر قبضہ کرنے والے فوجی حکمران جنرل چیانی نے تین سال میں اقتدار سویلینز کو منتقل کرنے کا وعدہ کر لیا۔

جنرل عبدالرحمان چیانی نے مشرقی افریقی ریجنل بلاک کے مصالحت کاروں سے ملاقات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی سے جنگ نہیں چاہتے تاہم کسی بیرونی مداخلت کی صورت میں اپنا دفاع کریں گے۔

سرکاری ٹی وی سے اپنے خطاب میں انہوں نے قوم سے وعدہ کیا کہ 3 سالوں میں وہ اقتدار سویلینز کو منتقل کردیں گے تاہم انہوں نے اقتدار منتقلی کے حوالے سے کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا نہ ہی اقتدار منتقلی کی کوئی اور تفصیلات بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار منتقلی سے متعلق قوائد و ضوابط فوجی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد 30 روز میں طے کر لیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نائجر فوج نے بغاوت کرتے ہوئے صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ اُلٹ دیا تھا، بعد ازاں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے والے صدارتی گارڈز کے کمانڈر جنرل عبد الرحمان چیانی المعروف جنرل عمر چیانی نے خود کو سربراہ مملکت قرار دے دیا تھا۔

قوم سے خطاب میں جنرل عبد الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کی سکیورٹی کی بگڑتی صورتحال اور بیڈ گورننس کے باعث حکومت کا تختہ الٹنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم کچھ روز قبل نائجر کے معزول صدر محمد بازوم نے ملک میں فوجی بغاوت کی کامیابی کی صورت میں دنیا کو بڑی تباہی سے خبردار کردیا تھا۔

نائجر کے معزول صدر محمد بازوم نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں لکھے گئے مضمون میں عالمی برادری سے ان کی حکومت واپس دلوانے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی خبردار کیا کہ ملک میں فوجی بغاوت کی کامیابی کی صورت میں دنیا کیلئے خطرناک نتائج ہوں گے۔

محمد بازوم نے اپنے مضمون میں لکھا کہ امریکا سمیت دیگر عالمی برادری ان کے ملک میں آئین کی بحالی کیلئے ضرور مدد کریں۔

دوسری جانب بیرونی فوجی مداخلت کے خدشے کے پیش نظر نائجر فوج نے اپنی فضائی حدود بند کردی ہیں۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ نائجر فوج نے مغربی افریقی ممالک کی صدر محمدبازوم کی بحالی کیلئے دی جانے والی ڈیڈلائن کو بھی مسترد کر دیا ہے۔

مزید خبریں :