Time 23 اگست ، 2023
کھیل

افغانستان کیخلاف شاندار فتح: سرحد پار بھی پاکستانی بولرز کے چرچے

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی 

افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار کامیابی کے بعد بھارت میں بھی  پاکستانی  بولرز کے چرچے ہونے لگے۔

منگل کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم نے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دے دی۔

سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی کپتان کا یہ فیصلہ راس نہ آیا اور پوری ٹیم47 اوور میں 201 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔

202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور ان کی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرگئیں۔افغانستان کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 59 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ  شاہین شاہ آفریدی نے 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، اس کے علاوہ نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی پر بھارت کے نامور اسپورٹس اینکر وکرانت گپتا بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے  وکرانت گپتا نے لکھا کہ 'پاکستان کے پاس ایسا وکٹ لینے والا فاسٹ بولنگ اٹیک ہے جو نئی گیند کے ساتھ ساتھ، آخری اوورز میں بھی وکٹیں لیتا ہے'۔

انہوں نے ساتھ ہی پاکستانی اسپنرز کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پاس وکٹ لینے والے اسپنرز بھی ہوں تو آپ بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو درمیان کے اوورز میں پارٹنرشپ نہیں بنانے دیتے۔

واضح رہے کہ  وکرانت گپتا کئی بار پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھی خراج تحسین پیش کرچکے ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوسرا میچ 24 اگست کو جبکہ تیسرا اور آخری میچ 26 اگست کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

افغانستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں 0-3 سے فتح ٹیم پاکستان کو پھر سے ایک روزہ کرکٹ کی نمبر ون ٹیم بنادے گی۔

مزید خبریں :