24 اگست ، 2023
ملک میں ادویات کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوگیا، بلڈ پریشر، خون کی شریانیں کھولنے والی گولیوں کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا۔
حکومت نے 25 ادویات کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کر دی، انسانی جان بچانےوا لی متعدد ادویات کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں۔
وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان( ڈریپ) نے مختلف ادویات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ان ادویات میں مختلف بیماریوں کے انجیکشن،گولیاں، انہیلر، سیرپ شامل ہیں جبکہ نئے سالٹ، فارمولیشن، اسٹرنتھ والی ادویات کی قیمتوں کی بھی حد مقرر کی گئی ہے ۔
اس کے علاوہ بلڈ پریشر اور خون کی شریانیں کھولنے والی گولیوں کی نئی قیمت متعین کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کینسر کے علاج کی نئی رجسٹرڈ دوا لوریکا کی قمیت 8 لاکھ 46 ہزار 857 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ دمہ کے مریضوں کے استعمال کے انہیلر کی قیمت 1390 روپے۔
ہیپاٹائٹس کے انجیکشن کی قمیت 10 ہزار 275 کر دی گئی جبکہ پیراسٹامول اور ڈیپ ہائیڈرالین کی 20 گولیوں کی نئی قیمت 192 روپے ،ملیریا میں استعمال ہونے والی کلوروکیوین کی قیمت ایک ہزار 7 روپے مقرر کی گئی ہے۔
کینسر کے مریضوں کے انجیکشن بورٹیزومب کی قیمت 17 ہزار 513 روپے اور انفیکشن میں استعمال ہونے والی دوا زیربیکسہ کی قیمت 15 ہزار 356 روپے مقرر کی گئی ہے۔