26 اگست ، 2023
بھارت کی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر کوشا کپیلا نے ارجن کپور سے تعلقات پر خاموشی توڑ دی۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر خبریں زیرِ گردش تھیں کہ کوشا کپیلا اور ارجن کپور کایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے ہیں، یہ افواہیں اس وقت سامنے آئیں جب ارجن کپور نے ایک ذو معنی انسٹاگرام پوسٹ شیئر کی، جس پر صارفین نے کہنا شروع کردیا کہ شاید ارجن گرل فرینڈ و اداکارہ ملائکہ اروڑا سے علیحدگی اختیار کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا فورم ’ریڈٹ‘ پر ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں، ایک صارف نے اداکاروں کے قریبی ذرائع سے موصول ہونے والی خبر کو پوسٹ کیا اور لکھا کہ ’ارجن اور ملائکہ اب الگ ہوچکے ہیں، صرف یہ ہی نہیں بلکہ ارجن اب کسی اور کو ڈیٹ کر رہے ہیں، کیا کوئی اندازہ لگا سکتا ہے کہ اب ارجن کس کو ڈیٹ کر رہے ہیں؟
صارف نے مزید انکشاف کرتے ہوئے لکھا کہ ارجن کپور اب سوشل میڈیا انفلوئنسر و اداکارہ کوشا کپیلا کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔
اب خبروں پر کوشا کپیلا نے لب کشائی کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ سب میری امی نہ پڑھ لیں۔
انہوں نے خبروں کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہر روز میں اپنے بارے میں ایسی نامناسب باتیں پڑھ رہی ہوں کہ اب مجھے خود کو اپنے آپ سے متعارف کرانے کی ضرورت پڑگئی ہے‘۔
کوشا نے مزید لکھا کہ ’جب بھی میں اپنے بارے میں کچھ پڑھتی ہوں تو میں صرف یہ امید اور دعا کرتی ہوں کہ میری امی یہ سب نہ پڑھ لیں، ان کی سماجی زندگی بہت متاثر ہورہی ہے‘۔
خیال رہے کہ کوشا کپیلا نے بھومی پاڈنیکر اور شہناز گل کے ساتھ فلم ’تھینک یو فار کمنگ‘ میں اداکاری کے جلوے دکھائے ہیں، اس سے قبل وہ مسابا مسابا نیٹ فلکس سیریز میں بھی اداکاری کرچکی ہیں۔
کوشا کپیلا نے چند ماہ قبل اپنے شوہر زورآور آہلووالیا سے علیحدگی اختیار کی ہے۔