Time 26 اگست ، 2023
کھیل

کھلاڑی کا بوسہ لینے پر فیفا نے ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کےصدر کو معطل کردیا

فیفا نے لوئس روبیالس کو 90 روز کیلئے معطل کر دیا ہے، روبیالس اس دوران فٹبال کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لےسکیں گے— فوٹو: فائل
فیفا نے لوئس روبیالس کو 90 روز کیلئے معطل کر دیا ہے، روبیالس اس دوران فٹبال کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لےسکیں گے— فوٹو: فائل

زیورخ :  فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کےصدر  لوئس روبیالس کو معطل کردیا۔

لوئس روبیالس کو اسپین کی ویمن فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی ہرموسو کا بوسہ لینے پر معطل کیا گیا۔ فیفا نے لوئس روبیالس کو 90 روز کیلئے معطل کر دیا ہے، روبیالس اس دوران فٹبال کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لےسکیں گے۔

روبیالس اور اسپینش فٹ بال فیڈریشن کو ویمن ٹیم کی کھلاڑی ہرموسو سے رابطے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسپین ویمن فٹ بال ٹیم کا کوچنگ اسٹاف مستعفی

اسی اثناء میں اسپین کی ویمن فٹ بال ٹیم کا تمام کوچنگ اسٹاف مستعفی ہوگیا ہے۔

ویمن فٹ بال ٹیم کے منیجر جارج ویلڈا کے سوا تمام کوچنگ اسٹاف مستعفی ہوگیا ہے۔کوچنگ اسٹاف میں 3 اسسٹنٹ منیجرز،گول کیپنگ کوچ، فزیو تھراپسٹ اور دیگر 6  ارکان  شامل ہیں۔

خیال رہے کہ فیڈریشن کے صدر نے گزشتہ روز  اپنےعہدے سے الگ ہونے سے انکار کر دیا  تھا۔

فیفا ویمنز ورلڈ کپ کی ٹرافی جیتنے کے بعد ہسپانوی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی جینی ہرموسو کا بوسہ لینے پر اسپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر نے معافی مانگ لی تھی تاہم فیفا نے ان کیخلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

اسپین کی ٹیم نے تاریخ میں پہلی بار ورلڈکپ جیتا جس کے بعد ہونے والی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر فیڈریشن کے صدر لوئس روبیالس کو ٹیم کی کھلاڑیوں سے بغل گیر ہوتے اور بوسہ لیتے ہوئے دیکھا گیا۔

فیڈریشن کے صدر سے جب ٹیم کی کھلاڑی جینی ہرموسو ملنے آئیں تو انہوں نے پہلے کھلاڑی کو گلے لگایا اور پھر بوسہ لے لیا جس پر شدید تنقید کی گئی، اس حرکت پر ہسپانوی وزرا نے بھی تنقید کی تھی۔

خود خاتون پلیئر جینی ہرموسو نے بھی فیڈریشن کے صدر کے اس عمل پر ناپسنديدگی کا اظہار کیا تھا۔

تاہم صدر نے بیان میں کہا تھا کہ ’مجھے اس بات کا اعتراف کرنا پڑے گا کہ میرا عمل بالکل غلط تھا، البتہ میری نیت بری نہیں تھی ، اس وقت میں کافی پرجوش تھا، اس وقت ہمیں یہ نارمل لگا لیکن بعد میں مسئلہ پیدا ہوگیا، مجھے معافی مانگنی چاہیے اور اس واقعے سے سیکھنا چاہیے، مجھے یہ سمجھنا ہوگا کہ جب آپ صدر کے منصب پر ہوں تو آپ کو زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔ ‘

مزید خبریں :