27 اگست ، 2023
پاکستان کی قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ لوگوں کو لگتا ہے کہ افغانستان آسان حریف ہے، حقیقت ایسی نہیں ہے۔ وہ آسان ٹیم نہیں، اس کے پاس بہترین اسپنرز ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی نمبر ون ہوئے تھے مگر پھر نیچے آئے اب دوبارہ ٹاپ پر ہیں، یہ پوری ٹیم کی محنت اور پرفارمنس کا نتیجہ ہے، جب آپ نمبر ون بنتے ہیں تو کافی خوشی ہوتی ہے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے سارے میچز اچھے کھیلے ہیں، ٹیم میں ہر کوئی ایک دوسرے کو بیک کررہا ہے، اگر بیٹنگ ناکام ہوتی تو بولرز کام کر جاتے ہیں، پلیئرز کا آپس کا اتحاد ہر صورتحال میں کافی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کیلئے کافی پرجوش ہیں، تین میچز جیت کر جو مومنٹم ملا ہے اس سے اعتماد ملے گا۔
کپتان کا کہنا تھا کہ شروع میں پارٹنرشپ لگانا کافی اہم تھا، جب بیٹنگ کیلئے آیا تو امام نے کہا کہ وکٹ ایسا نہیں جیسا سمجھ رہے تھے، جب بیچ میں رنز نہیں ہو پا رہے تھے ذہن میں بہت کچھ چل رہا تھا، رضوان نے مجھے اعصاب پر قابو رکھنے میں مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ پلیئرز ایک دوسرے کو بہت اچھے طریقے سے سمجھتے ہیں، سب کو اندازہ ہے کہ کس صورتحال میں دوسرے پلیئر کو کیا سمجھانا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں کھیلی گئی تین میچوں کی سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 59 رنز سے ہرا کر سیریز 0-3 سے جیت لی۔
قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے تھے، 269 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم48.4 اوورز میں 209 رنز بنا سکی اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔