27 اگست ، 2023
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی قیادت نے ملک بھی کارکنوں کو بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف عوامی احتجاج میں بھرپور طریقے سے شرکت کی ہدایت کردی۔
سیکرٹری جنرل پی پی پی نیر بخاری نے پارٹی کارکنوں کو بجلی بلوں کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منہگی بجلی کے خلاف سٹی، یونین کونسل اور تحصیل سطح پر احتجاج کیا جائے۔
نیر بخاری نے کہا کہ بجلی کی کمر توڑ قیمتوں کی وجہ سے ملک کا ہر شہری پریشان ہے، پیپلزپارٹی کے کارکن عوام کی آواز بن کر بجلی کی قیمتوں کے خلاف احتجاج شروع کریں۔
واضح رہے کہ ملک میں بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف عوام کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے، مختلف شہروں میں بجلی کے بلوں کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجاً بل جلائے۔
اسلام آباد، پشاور اور ملتان کی بجلی کمپنیوں نے مظاہرین کے ڈر سے پولیس بھی بلالی اور متعلقہ حکام کو خط لکھ کر تحفظ کا مطالبہ کردیا۔
جماعت اسلامی نے بھی 2 ستمبر کو ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
وقار ستی