28 اگست ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان جیولن تھروور اولمپئن ارشد ندیم کے مداح بن گئے۔
جیولن تھروور اولمپئن ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں پاکستان کے لیے تاریخ رقم کرتے ہوئےسلور میڈل جیت لیا۔
ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں پاکستان کے لیے پہلا میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ بھی بن گئے ۔
ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں ہونے والی چیمپئن شپ کے جیولن تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم دوسرے نمبر پر رہے جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا آدھے میٹر سے بھی کم فرق کی وجہ سے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 74.80، دوسری تھرو میں 82.81، تیسری تھرو میں 87.82 ، چوتھی میں 87.15 جبکہ چھٹی تھرو میں 81.86 میٹر تک جیولن پھینکا ۔ پانچویں باری میں ان کی تھرو کو فاؤل قرار دیا گیا تھا۔
آخری باری میں ارشد ندیم کو 88.17 میٹر سے بڑی تھرو کرنا تھی لیکن انہیں اس میں کامیابی نہ ملی اور ان کی آخری تھرو 81.86 میٹر کی رہی جس کی وجہ سے نیرج چوپڑا گولڈ اور ارشد ندیم سلور میڈل کے حقدار قرار پائے ۔
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں میڈل جیتنے کے بعد شاداب خان نے ارشد ندیم کے لیے مبارکبادی پیغام جاری کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری میں شاداب نے کہا 'ارشد ندیم پورا ملک آپ کو سلیوٹ کرتا ہے، میں آپ سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں آپ کا مداح ہوں، آپ کو ہمیشہ ترقی ملے'۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے گزشتہ سال برمنگھم میں 90.18 میٹر کی تھرو کرکے گولڈ میڈل جیتا تھا اور 90 میٹر سے زیادہ کی تھرو کرنے والے پہلے ساؤتھ ایشین ایتھلیٹ بن گئے تھے ۔ ان کی یہ تھرو اب بھی کسی بھی ایشین پلیئر کی دوسری سب سے بڑی تھرو ہے۔