28 اگست ، 2023
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے کے بعد میاں چنوں میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے گھر جشن شروع ہوگیا۔
جیولن تھروور اولمپئن ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں پاکستان کے لیے تاریخ رقم کرتے ہوئےسلور میڈل جیت لیا۔
ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں پاکستان کے لیے پہلا میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ بھی بن گئے ۔
ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں ہونے والی چیمپئن شپ کے جیولن تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم دوسرے نمبر پر رہے جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا آدھے میٹر سے بھی کم فرق کی وجہ سے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 74.80، دوسری تھرو میں 82.81، تیسری تھرو میں 87.82 ، چوتھی میں 87.15 جبکہ چھٹی تھرو میں 81.86 میٹر تک جیولن پھینکا ۔ پانچویں باری میں ان کی تھرو کو فاؤل قرار دیا گیا تھا۔
آخری باری میں ارشد ندیم کو 88.17 میٹر سے بڑی تھرو کرنا تھی لیکن انہیں اس میں کامیابی نہ ملی اور ان کی آخری تھرو 81.86 میٹر کی رہی جس کی وجہ سے نیرج چوپڑا گولڈ اور ارشد ندیم سلور میڈل کے حقدار قرار پائے ۔
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلو میڈل جیتنے کے بعد میاں چنوں میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے گھر جشن منایا گیا۔
ارشد کی والدہ نے کہا کہ دعائیں کرنے پر پورے پاکستان کی شکر گزار ہوں ، بیٹا آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرے گا۔
ارشد کے بھائی نے بھی جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ انجری کے باوجود ارشد کی کارکردگی بہت زبردست رہی ،کامیابی پر رب کے شکر گزار ہیں ۔
ذرائع کے مطاق ارشد ندیم کے گھر میں فائنل مقابلہ دیکھنے کےلیے بڑی اسکرین نصب کی گئی تھی قومی ایتھلیٹ کے دوست احباب نے مل کر فائنل میچ دیکھا۔
اس کے علاوہ لاہور میں بھی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ کا فائنل لبرٹی چوک میں بڑی اسکرین پر دکھایا گیا۔