Time 28 اگست ، 2023
پاکستان

وزارت توانائی کے پاس بجلی کے بلوں سے متعلق کیا تجاویز ہیں؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزارت توانائی کی بجلی بلوں سے متعلق تجاویز  جیو نیوز سامنے لے آیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق  بجلی کے بلوں پر عوام کو ریلیف دینےکے لیے وزارت توانائی نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اپنی تجاویز تیار کرلی ہیں، وزارت توانائی کی تجویز  ہےکہ گھریلو صارفین کو بجلی بلوں پر ون سلیب بینیفٹ دیا جائے، صارفین کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں زیادہ قسطوں کا ریلیف دینے کی تجویز بھی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ بھاری بجلی کے بلوں کا کچھ حصہ سردیوں کے مہینوں میں ادا کرنے کا ریلیف دینے کی تجویز بھی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ بجلی کے بلوں پر عائد ٹیکسوں میں کمی پر  وزارت  خزانہ کی رائے لینے کی تجویز ہے، اجلاس میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کے اعتراض سے بچنے کے لیے ٹیکسوں میں کمی کے معاملے پر  وزارت خزانہ کی رائے لینا ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام تجاویز کل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی، ان میں بجلی کے بلوں میں کمی کے حوالے سے فی الحال کوئی تجویز شامل نہیں ہے۔

اس سے قبل مسلسل عوامی احتجاج کے بعد بجلی کے بلوں میں عوام کو  ریلیف دینے کے لیے  وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت مسلسل دو  روز  اجلاس ہوئے تاہم عوام کو ریلیف دینےکا فیصلہ نہ ہوسکا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نگران حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینےکی کوشش کرے گی،لیکن جلد بازی میں کوئی ایسا قدم نہيں اٹھائےگی جس سے ملک کو نقصان پہنچے۔

مزید خبریں :