29 اگست ، 2023
کراچی: سندھ میں سیلاب کے نام پر جعلی بلز سے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے۔
آر بی او ڈی کی تعمیر میں کرپشن کی تحقیقات اینٹی کرپشن سے نیب کو دی گئی تھیں اس پروجیکٹ کی تعمیر میں 3 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے جس پر نیب نے احتساب عدالت حیدر آباد میں پروجیکٹ ڈائریکٹر اور کنٹریکٹر سمیت 41 ملزمان پر ریفرنس دائر کردیا۔
نیب کا کہنا ہےکہ ملزمان نے جعلی بلز بناکر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، ریفرنس میں سرکاری افسران، ان کے اہلخانہ اور فرنٹ مینز بھی نامزد ہیں۔
ریفرنس کے مطابق کنٹریکٹر فہیم سومرو کو بغیر کسی کام غیر قانونی ادائیگیاں کی گئیں، پروجیکٹ ڈائریکٹر منوربزدار نے جعلی بلز پاس کرکے رقم وصول کی جب کہ سپرنٹنڈنٹ انجینیئر وقار احمد نے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔
ریفرنس میں کہا گیا ہےکہ 10کنٹریکٹرز کو بغیر کسی کام کے ادائیگی کرکے کمیشن حاصل کیا گیا اور ملزم فہیم سومرو نے پلی بارگین کرکے 46 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے۔