29 اگست ، 2023
بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے گاؤں میں ہاتھیوں کے گھس آئے غول نے ایک خاتون کو روند ڈالا جبکہ حادثے میں خاتون کا شوہر بھی زخمی ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اردیاتنڈ گاؤں میں پیش آیا جہاں صبح سویرے ہاتھیوں کا غول گاؤں میں گھس گیا جسے دیکھ کر گاؤں میں بھگڈر مچ گئی اور لوگ چیخ وپکار کرتے اپنی جانوں کو بچانے کیلئے محفوظ مقامات پر بھاگنے لگے۔
چندوا فاریسٹ رینج آفیسر راکیش کمار کی جانب سے بتایا گیا کہ بد قسمی سے 45 سالہ بالیا دیوی ہاتھیوں کے غول کے ہتھے چڑھ گئی جسے ہاتھیوں نے رونڈ ڈالا ، ہاتھیوں کے غول میں پھنسی بالیا دیوی کو دیکھ کر جب شوہر بچانے کیلئے آگے بڑھا تو وہ خود بھی زخمی ہوگیا تاہم اس کے باوجود اپنی بیوی کو بچانے میں ناکام رہا۔
چندوا فاریسٹ رینج آفیسر کے مطابق بالیا دیوی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے جبکہ لواحقین کو قانون کے مطابق معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔