Time 29 اگست ، 2023
کھیل

پاکستان انڈر 16 فٹبال ٹیم ساف چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم

این او سی نہ ملنے کی وجہ سے ہم ایونٹ سے دستبردار ہو رہے ہیں: چیئرمین پی ایف ایف این سی ہارون ملک— فوٹو: فائل
این او سی نہ ملنے کی وجہ سے ہم ایونٹ سے دستبردار ہو رہے ہیں: چیئرمین پی ایف ایف این سی ہارون ملک— فوٹو: فائل

پاکستان انڈر 16 فٹبال ٹیم ساف چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم رہ گئی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی نارملائزیشن کمیٹی (این سی) کے سربراہ ہارون ملک نے کہا کہ این او  سی نہ ملنے کی وجہ سے ہم ایونٹ سے دستبردار ہو رہے ہیں، بہت افسوس  کی بات ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے وقت پر این او سی نہ مل سکا۔

چیئرمین پی ایف ایف این سی کا کہنا تھا کہ پاکستان انڈر 16 ٹیم کو  بھوٹان میں انڈر 16 چیمپئن شپ کیلئے آج روانہ ہونا تھا، انڈر 16 ٹیم بہت زبردست بنی تھی لیکن افسوس کہ ایونٹ میں نہیں جا پارہے، امید ہے انڈر 23، انڈر 19 اور نیشنل ٹیموں کو این او سی مل جائیں گے۔

ہارون ملک نے کہا کہ ستمبر میں پاکستان کی ہر ٹیم ایکشن میں ہوگی، انڈر 23 ٹیم کو اولمپک کوالیفائر کیلئے پیر کو بحرین روانہ ہونا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ انڈر 23 ٹیم کا این او سی وقت پر مل جائے گا، انڈر 19 ٹیم کو بھی ستمبر میں ساف چیمپئن شپ کھیلنی ہے، ویمن ٹیم کو سعودی عرب جانا ہے۔

این او سی میں تاخیر کی وجہ پی ایف ایف این سی ہے: اسپورٹس بورڈ

اس معاملے پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ شعیب کھوسو نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ این او سی میں تاخیر کی وجہ پی ایف ایف این سی ہے،  ہمیں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے دستاویزات مکمل نہیں ملے تھے، فٹبال فیڈریشن کو بتایا تھا کہ ان کے دستاویزات مکمل نہیں تھے۔

شعیب کھوسو نے مزید بتایا کہ آج پی ایف ایف کے وکیل نے بھی تسلیم کیا کہ دستاویزات مکمل نہ تھے، ہم نے پھر بھی کیس پراسس کیا مگر منسٹری سے اعتراضات آئے تھے، این او سی کے معاملے میں اسپورٹس بورڈ پوسٹ آفس کا کردار ادا کرتی ہے، این او سی داخلہ اور خارجہ کی منسٹری سے آتی ہے۔

مزید خبریں :