Time 30 اگست ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی نے عمران خان کیخلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔

گزشتہ روز وزارت قانون نے سائفر کیس کی اٹک جیل میں سماعت کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

وزارت قانون کے مطابق سائفرکیس کی سماعت کیلئے وزارت داخلہ نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا جس کے باعث اب کیس کی سماعت سیکرٹ ایکٹ کے تحت  آج اٹک جیل میں ہوگی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کیس کی سماعت کیلئے جج ابوالحسنات ذوالقرنین اٹک جیل جائیں گے۔

سائفرکیس میں آج چیئرمین پی ٹی آئی کا جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہو رہا ہے اور ذرائع کے مطابق سائفرکیس کے لیے شاہ محمود قریشی کو آج جوڈیشل کمپلیکس میں ہی پیش کیا جائےگا۔

تاہم پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔

 ترجمان  پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ کی طرح سائفر کیس میں بھی بے انصافی کی بنیاد رکھ دی گئی ، بند کمرے میں ٹرائل کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ہے اور نہ آئین اس کی اجازت دیتا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف مقدمہ کھلی عدالت میں چلایا جائے ، خفیہ ٹرائل یا اس کے نتیجے میں سنائے گئے کسی فیصلے کی قانونی حیثیت نہیں ہوگی ۔

یہاں یہ بات واضح کی جاتی ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سائفر کیس میں 30 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

اسلام آباد کی سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات نے چیئرمین تحریک انصاف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج رکھا ہے اور عدالت نے انہیں 30 اگست کو ذاتی حیثیت میں بھی طلب کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا معطل کردی اور انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے تاہم سائفر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ کے باعث ان کی رہائی ممکن نہ ہوسکی۔

مزید خبریں :