Time 31 اگست ، 2023
کھیل

بابر نے گزشتہ برس کوہلی کی جانب سے کی گئی تعریف کا جواب دیدیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی تعریف پر جواب دیا۔

اسٹار اسپورٹس کی جانب سے بابر کا ایک مختصر انٹرویو شیئر کیا گیا جس میں انہوں نے ویرات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کافی اچھا محسوس ہوتا ہے جب کوئی آپ کے بارے میں اس طرح کے کمنٹس دیتا ہے۔

بابر نے کہا کہ جس طرح ویرات کوہلی نے میرے بارے میں کمنٹس دیے، وہ میرے لیے کافی فخر کی بات ہے، ویرات کی جانب سے تعریف کرنے پر  اچھا لگا، کچھ چیزیں جب آپ کو ملتی ہیں یا کوئی تعریف کرتا ہے تو اس سے آپ کو اعتماد ملتا ہے۔

قومی کپتان نے کہا کہ جب میں ویرات کوہلی سے 2019 میں ملا تھا تب وہ اپنے عروج پر تھے اور آج بھی عروج پر ہیں، اُس وقت میں سوچ رہا تھا کہ ویرات کوہلی سے کچھ سیکھ لوں اور مجھے سیکھنے کا موقع بھی ملا۔

بابر کا کہنا تھا کہ میں نے جو سوال پوچھے جن کی مجھے ضرورت تھی وہ انہوں نے اچھے انداز میں بتایا، کوہلی کے بتانے سے مجھے کافی مدد ملی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی چیزیں جب آپ ایک دوسرے کے بارے میں کرتے ہیں تو اچھا لگتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ویرات کوہلی نےاپنے ایک انٹرویو میں بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ بابر کی طرف سے میں نے اپنے لیے بے پناہ عزت دیکھی اور وہ آج تک تبدیل نہیں ہوئی، اس حقیقت سے قطع نظر کہ بابر دنیا کے نمبر ون بیٹرز میں سے ایک ہے، بابر ایک بہترین ٹیلنٹ ہے جسے دیکھنے میں ہمیشہ مزہ آتا ہے۔

ویرات نے کہا بابر کو معلوم ہے وہ کتنا اچھا بلے باز ہے، اس کے باوجود اس کی آنکھوں میں میرے لیے کافی عزت ہے، اس کردار اور اس طبیعت کے کرکٹرز اپنے کیرئیر میں بہت آگے جاتے ہیں جو لوگوں کو متاثر بھی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ ون ڈے 2023 میں پاکستان اور بھارت 2 ستمبر بروز ہفتے کو آمنے سامنے ہوں گے۔

مزید خبریں :