Time 31 اگست ، 2023
کاروبار

حکومت چینی مافیا کے آگے بے بس، چینی کی قیمتوں کو پر لگ گئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نگران حکومت چینی مافیا کے آگے بے بس نظر آنے لگی، چینی کی قیمتوں   بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکنے  میں ناکام ہوگئی۔

چینی کی سرکاری قیمت 99 روپے ہونے کے باوجود لاہور میں چینی پانچ روپے کلو مہنگی ہو کر 175، کوئٹہ میں 175، پشاور، اسلام آباد، فیصل آباد، کراچی اور حیدرآباد میں 170 روپے کلو فروخت ہونے لگی۔

رواں برس اپریل میں لاہور ہائی کورٹ نے  سستی چینی بیچنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف اسٹے دیا تھا، اسٹے آرڈر پر فیصلے کی اگلی سماعت آئندہ ماہ مقرر ہے تاہم  محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے چینی کی کم قیمت پر فروخت کے معاملے پر عدالتی اسٹے جلد ختم کرانے کیلئے اب تک کوئی قانونی کوشش نہیں کی گئی۔

چینی کم اور مانگ زیادہ ہونے کے باعث ملک میں چینی کی قیمتوں کو پر لگے ہوئے ہیں،  جبکہ چینی مافیا نے پی ڈی ایم حکومت کو ضرورت سے زیادہ چینی موجود ہونے کا یقین دلاتے ہوئے سستی چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت لے لی تھی۔

سستی چینی ایکسپورٹ کرکے چینی مافیا نے ڈالرز میں بھاری منافع کمایا، پی ڈی ایم حکومت نے صرف 2.5 لاکھ میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کی اجازت دی تھی تاہم چینی مافیا نے اس سے زیادہ چینی ایکسپورٹ کرتے ہوئے لاکھوں میٹرک ٹن چینی افغانستان اسمگل کردی۔

مزید خبریں :