Time 01 ستمبر ، 2023
کھیل

ایشیا کپ: پاک بھارت میچ میں بارش کا کتنے فیصد امکان ہے؟ ماہرین نے پیش گوئی کردی

سری لنکا کے پالیکیلے اسٹیڈیم میں شیڈولڈ پاک بھارت میچ دوران بارش کی پیش گوئیاں ہیں تاہم اب بارش کے امکانات میں کمی بتائی جا رہی ہے— فوٹو: فائل
سری لنکا کے پالیکیلے اسٹیڈیم میں شیڈولڈ پاک بھارت میچ دوران بارش کی پیش گوئیاں ہیں تاہم اب بارش کے امکانات میں کمی بتائی جا رہی ہے— فوٹو: فائل

پاکستان کی میزبانی میں سری لنکا میں جاری ایشیا کپ میں  پاکستان اور بھارت کے درمیان کل کا بڑا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

سری لنکا کے پالیکیلے اسٹیڈیم میں شیڈولڈ پاک بھارت میچ  دوران بارش کی  پیش گوئیاں ہیں  تاہم اب بارش کے امکانات میں کمی بتائی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کینڈی کے پالیکیلے اسٹیڈیم میں پاک بھارت میچ کے دوران بارش کا امکان کم ہو کر 67 فیصد رہ گیا ہے۔

اس سے قبل کینڈی میں پاک بھارت میچ کے دوران بارش کا امکان 80 فیصد بتایا گیا تھا تاہم آج اس امکان میں کمی بتائی گئی ہے۔

دوسری جانب ویدر مین نوودیپ دھیا نامی صارف نے ایکس (ٹوئٹر) اپنی ایک پوسٹ میں کینڈی کے موسمیاتی اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے پاک بھارت میچ ہونے کی امید جگا دی ہے۔

ویدر مین نوودیپ کے مطابق 2 ستمبر کو کینڈی میں آسمان ابر آلود رہے گا جبکہ 10-20 کلومیٹر رفتار سے ہوائیں بھی چلتی ریں گے، ہلکی اور درمیانی بارش کا امکان ہے تاہم دن کے اوقات میں 4 سے 5 بجے تک تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔

نوودیپ کے مطابق موسمیاتی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ 5 بجے کے بعد کی پروجیکشن مطابق تیز بارش کے امکانات کم ہوجاتے ہیں اس لیے ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاہم اگر دن 12 سے شام 4 بجے تک تیز بارش ہو بھی جاتی ہے تو امکان ہے کہ میچ تھوڑی دیر سے شروع ہو تاہم میچ ضرور ہوگا، بارش سے میچ کے متاثر ہونے کا امکان صرف 30 فیصد رہ جاتا ہے جو کہ بلکل کم ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے شہر کینڈی کے پالیکیلے اسٹیڈیم میں کل ہونے والے ایشیا کپ کے بڑے میچ کیلئے پاکستان اور بھارت کی جانب سے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا گیا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ سری لنکا میں اگست اور ستمبر کے مہینے میں میچز کا بارش کی نذر ہونا نئی بات نہیں، بارشوں کی وجہ سے ان مہینوں میں بہت کم میچز رکھے جاتے ہیں۔

سری لنکا نے پالیکلے اسٹیڈیم میں 33 ون ڈے میچز کی میزبانی کی ہے جن میں اگست اور ستمبر میں صرف 3 ون ڈے میچز کھیلے گئے یہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ سری لنکا کرکٹ مون سون کے سیزن میں یہاں میچز نہیں رکھتا۔

مزید خبریں :