Time 02 ستمبر ، 2023
کھیل

بھارت پاکستان کو کیسے شکست دے سکتا ہے؟ ڈی ویلیئرز نے بھارتی ٹیم کو نسخہ بتادیا

بابراعظم سے میری پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ بہت چھوٹے تھے لیکن میں جلد ہی سمجھ گیا کہ وہ ایک عظیم کھلاڑی بننے والے ہیں: جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر کی گفتگو__فوٹو: فائل
بابراعظم سے میری پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ بہت چھوٹے تھے لیکن میں جلد ہی سمجھ گیا کہ وہ ایک عظیم کھلاڑی بننے والے ہیں: جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر کی گفتگو__فوٹو: فائل

جنوبی افریقا کے سابق کھلاڑی اور اپنے شاندار شاٹس کی بدولت مسٹر تھری سکسٹی کہلائے جانے والے ابراہم بینجمن ڈی ویلیئرز نے ایشیا کپ میں آج ہونے والے میچ میں  پاکستانی کپتان بابر اعظم کو بھارت کے لیے مشکل کھڑی کرنے والا کھلاڑی قرار دیا ہے۔

یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے جنوبی افریقی لیجنڈ نے بابر اعظم کی خوب تعریف کی اور انہیں دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیا۔

اے بی ڈی ویلیئرز  نے کہا’مجھے بابر اعظم کے بارے میں بات کرنا اچھا لگتا ہے کیونکہ وہ ان بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہیں ہم نے کرکٹ کھیلتے دیکھا ہے، وہ پاکستان کے بیٹنگ آرڈر کے مضبوط کھلاڑی ہیں'۔

انہوں نے بھارت کو مشورہ دیا کہ 'اگر بھارت پاکستان کی شکست چاہتا ہے اور پاکستان پر قابو پانا چاہتا ہے تو بابر اعظم کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا کیونکہ وہ بیٹنگ لائن اپ کے وہ کھلاڑی ہیں جو پوری ٹیم کو ایک ساتھ لے کر چلتے ہیں‘۔

ڈی ویلیئرز کے مطابق ایشیا کپ اور کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کی کامیابی  بابر اعظم کی کارکردگی پر منحصر ہوسکتی ہے۔

مسٹر تھری سکسٹی نے مزید بتایا کہ 'بابراعظم سے میری پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ بہت چھوٹے تھے، وہ میرے سامنے ایک مداح کی حیثیت سے کھڑے تھے لیکن میں جلد ہی سمجھ گیا کہ وہ ایک عظیم کھلاڑی بننے والے ہیں، بابر نے کھیل کے مختلف فارمیٹس میں دنیا بھر کے بولنگ اٹیک کے خلاف غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے'۔

انہوں نے قومی کپتان کو لاجواب کھلاڑی قرار دیا اور کہا  پاکستان کے لیے یہ بہت اہم ہے کہ بابراعظم ایشیا کپ اور آنے والے سب سے اہم ورلڈ کپ کے لیے اچھی فارم میں رہے۔

مزید خبریں :