02 ستمبر ، 2023
ایشیا کپ ون ڈے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مقابلے میں پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے بھارتی کپتان اور اوپنر روہت شرما کو ایک بار پھر آؤٹ کلاس کردیا۔
میچ کے آغاز سے ہی شاہین کے سامنے روہت شرما مشکلات کا شکار نظر آئے اور 22 گیندوں پر 11 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے۔
شاہین کے ہاتھوں روہت شرما کے شکار پر سوشل میڈیا صارفین خوب تبصرے کر رہے ہیں اور ایکس (ٹوئٹر) پر دلچسپ پوسٹ کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ ' ایسا لگتا ہے کہ روہت شاہین کا نیا خرگوش ہے'۔
ایک صارف نے شاہین کی جشن منانے کی تصویر اور روہت کے آؤٹ ہونے کی تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ ' یہ اسے نہیں کھیل سکتے'۔
ایک صارف نے لکھا کہ اب روہت شاہین کا آفیشل خرگوش بن چکا ہے۔
خیال رہے کہ اب تک ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچوں میں 4 مرتبہ شاہین اور روہت شرما آمنے سامنے آئے ہیں، جن میں روہت شرما نے شاہین کے خلاف 45 گیندوں کا سامنا کیا اور 33 رنز بنائے جب کہ 2 مرتبہ شاہین نے انہیں اپنا شکار کیا۔
شاہین نے روہت شرما پر اپنی دھاک 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بٹھائی تھی جب انہوں نے روہت کو پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ کیا تھا۔