05 ستمبر ، 2023
چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بتادیں۔
جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو میں چیئرمین ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ کے مطابق آرمی چیف نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 25 ، 25 ارب ڈالرزکی سرمایہ کاری کا یقین دلایا ہے، قطر اور کویت سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی کمٹمنٹ لیں گے، کرپشن، اسمگلنگ، سوشل میڈیا اور بھتہ مافیا کے خلاف مختلف ٹاسک فورسز بنائیں گے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا نے بتایا کہ آرمی چیف نے کور کمانڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک لیٹر بھی ایرانی پیٹرول کراچی نہیں آنا چاہیے، امن و امان اور کرپشن کے خلاف ڈی جی رینجرز کو بھی آرڈر جاری کیے کہ آپ کھل کر اس حوالے سے کام کریں۔
زبیر موتی والا کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ہم الیکشن کے خلاف نہیں، جب بھی ہوں گے ہم اُن کا انعقاد کریں گے۔