06 ستمبر ، 2023
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ نقصان میں جانے والی سرکاری کارپوریشنز کی نجکاری کا عمل تیز تر کیا جائے۔
نگران وزیراعظم کی زیرصدارت فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر) اور نجکاری ڈویژن سے متعلق اجلاس ہوا جس میں فیڈرل بورڈآف ریونیواورنجکاری ڈویژن کی کارکردگی پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھاکہ ٹیکس نیٹ بڑھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور فیڈرل بورڈ ریونیو حکومتی مشینری کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات کےلیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں، ٹیکس ڈاکومینٹیشن پر وفاق اور صوبوں کے درمیان روابط بہتربنانے کی ضرورت ہے۔
نگران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نقصان میں جانے والی سرکاری کارپوریشنز کی نجکاری کا عمل تیز تر کیا جائے اور تمام وفاقی وزارتیں نجکاری ڈویژن کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔