06 ستمبر ، 2023
نگران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہےکہ رکاوٹیں دور ہوجائیں تو آئی ٹی برآمدات 2.6 ارب ڈالر سے 10 ارب ڈالر تک لے جاسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیر آئی ٹی عمر سیف نے ملاقات کی، وزیراعظم نے خزانہ، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، تجارت اور توانائی کےمحکموں کو وزارت آئی ٹی سے مشاورت کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ انڈسٹری اور اکیڈمیا کے تعاون سے 2 لاکھ آئی ٹی پروفیشنلز کی تیاری کے منصوبے کا آغاز کردیا ہے، معروف پیمنٹ گیٹ وے پے پال اور اسٹرائپس کو پاکستان لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، 5 لاکھ فری لانسرز کے لیے مشترکہ ورکنگ مراکز سے ان کی صلاحیت کو سالانہ 3 ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکےگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ دس ماہ میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے قیمتوں کے تعین کرنے سے اربوں ڈالر کا حصول ممکن ہوگا اور موبائل فونز میں پاکستان دنیا کی ساتویں بڑی مارکیٹ ہوجائےگا۔