گاہک نے جوس میں 'سنک کا پانی' ملاتے ریسٹورینٹ کے ملازم کی ویڈیو ریکارڈ کرلی

چین کی معروف فوڈ چین کمپنی کے ریسٹورینٹ میں ایک گاہک نے ملازم کی فوٹیج ریکارڈ کی جس میں وہ اورنج جوس میں پوچھے کو دھونے کے لیے استعمال ہونے والے سنک کے نلکے کا پانی ملارہا تھا۔

یہ واقعہ چین کے صوبے زی جیانگ میں 25 اگست کو مقامی ریسٹورینٹ میں پیش آیا جہاں ایک گاہک کو عملے پر شک ہوا تو اس نے اپنے فون سے ملازمین کی حرکات و سکنات عکسبند کرنا شروع کیں۔

اس نے دیکھا کہ عملہ اورنج جوس میں سنک کا گندا پانی مکس کررہا ہے اور اس سنک کے آس پاس فرش صاف کرنے والے پوچھے پڑے ہیں۔

یہ حرکت کرتی ملازمہ کو جب علم ہوا کہ اسے خفیہ طور پر ریکارڈ کیا جارہا ہے تو اس نے  جلدی سے سنک سے اورنج جوس کا برتن نکال کر سرونگ کنٹینر میں منتقل کر دیا جب کہ ساتھی عملے نے گاہک کو مزید فلم بندی سے روکنے کی کوشش کی۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ گاہک نے وہ برتن باہر نکالا اور اونچی آواز میں ریسٹورینٹ میں بیٹھے دوسرے گاہکوں کو اس کام کے بارے میں مطلع کیا، گاہک نے بتایا کہ عملہ جوس میں سنک کا پانی ملا رہا ہے۔

بعدازاں 26 اگست کو ریسٹورینٹ نے جوس کے واقعے کے لیے معافی نامہ جاری کیا اور مذکورہ برانچ میں نگرانی کے فقدان اور انتظامی طریقہ کار کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

اس واقعے کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور عوامی ردعمل کے بعد ریسٹورینٹ کے منیجر کو اس کی پوسٹ سے ہٹا دیا گیا جب کہ براہ راست ملوث ملازمین کو نوکری سے نکال دیا گیا۔

اس کے علاوہ ریسٹورینٹ کے عملے کو حفظانِ صحت سے متعلق ہونے والی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

مزید خبریں :