09 ستمبر ، 2023
معروف پاکستانی اداکار، ہدایتکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ اداکارہ ماہرہ خان کی شادی کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ کا شیڈول تبدیل کردوں گا۔
جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا ہے کہ میری زندگی میں سوشل میڈیا کی وجہ سے کوئی تبدیلی نہیں آئی، سوشل میڈیا کو مجھ سے پرابلم ہوسکتی ہے کیونکہ میری توجہ سوشل میڈیا پر کم اور کام پر زیادہ ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ماہرہ خان کی شادی کی وجہ سے اپنی فلم کا شیڈول تبدیل کرلوں گا، وہ میری نئی آنے والی فلم کی ہیروئن ہیں، جو بھی لڑکی میرے ساتھ فلم یا ڈرامے میں کام کرتی ہے وہ سپر اسٹار بن جاتی ہے۔
انٹرویو کے دوران اُن کا مزید کہنا تھا کہ سجل علی اور یمنیٰ زیدی کے ساتھ بھی ڈراموں میں مرکزی کردار کررہا ہوں۔
فلم انڈسٹری کو مسائل سے کیسے نکالا جائے؟ اس سوال کے جواب میں ہمایوں سعید نے کہا کہ 2024 سے سال میں ایک نہیں تین فلمیں بناؤں گا، ماضی میں بھی میں نے فلم ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ بناکر انڈسٹری کو سنبھالا تھا اور اب ایک مرتبہ پھر میدان میں آگیا ہوں۔
جب ہمایوں سے سوال کیا گیا کہ آپ کی اداکاری پر بہت سے فنکار تنقید کرتے ہیں، اس کی کیا وجہ ہے ؟ تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ چند بیوقوف مجھ سے حسد کرتے ہیں، باقی سب تو مجھے بہت پیار کرتے ہیں، تنقید کرنے والوں کو اپنے عمدہ کام سے جواب دیتا ہوں۔
انٹرویو کے دوران ہمایوں سعید سے سوال پوچھا گیا کہ ’ماہرہ خان کی شادی ہونے والی ہے، اس سے آپ کی فلم پر کوئی فرق پڑے گا؟‘
اس پر جواب دیتے ہوئے ہمایوں سعید کا بتانا تھا کہ ماہرہ خان کی شادی سے میری فلم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، ماہرہ خان کے ساتھ فلم ’بن روئے‘ میں ہماری جوڑی مقبول ہوچکی ہے، میری نئی فلم میں بھی ان کو میرے ساتھ پسند کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ ماہرہ جلد دوسری شادی کرنے والی ہیں، بعدازاں ان کی مینیجر کا بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے ان رپورٹس کو غیر ذمہ دارانہ صحافت قرار دیا۔
مینیجر کے مطابق یہ رپورٹس اداکارہ کی فیملی یا ٹیم کے ممبر کے آفیشل بیان کے بغیر شائع کی گئی ہیں ۔