11 ستمبر ، 2023
سوئنگ کے سلطان اور سابق کپتان وسیم اکرم کو بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی خواب میں نظر آنے لگے۔
اسٹار اسپورٹس سے گفتگو کے دوران وسیم اکرم نے انکشاف کیا کہ میچ سے قبل جب آج ویرات کوہلی سے ملاقات ہوئی تو ان کو بتایا کہ ’ اب مجھے آپ خوابوں میں نظر آنے لگے ہیں جس پر ویرات نے مجھ سے پوچھا کہ وسیم بھائی آپ کہنا کیا چاہ رہے ہیں جس پر میں نے اسے بتایا کہ میں نے آپ کو ٹیلی ویژن اسکرین پر اتنا دیکھا ہے کہ آپ میرے دماغ سے نہیں نکلتے‘۔
سابق کپتان نے کہا کہ شاہین شاہ، بابر اعظم اور بھارت کے ویرات کوہلی میچ ونرز کرکٹر ہیں جو میچ جیتنے کیلئے کھیلتے ہیں۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا پاکستان کیلئے ہر کھلاڑی پرفارم کرنا چاہتا ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دلچسپ ہوتے ہی کل بھی پورا کولمبو گونج رہا تھا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سُپر 4 مرحلے میں پاک، بھارت ٹاکرے کا نتیجہ کیا ہوگا؟ بارش کی جیت ہوگی یا پھر پاکستان یا بھارت کی ؟فیصلہ آج ہوجائے گا۔
سری لنکا کی موسمیاتی ویب سائٹ نے کولمبو میں آج بھی تیز بارش کی پیش گوئی کردی ہے، اتوار کو ہونے والے مقابلے کو بھی بار بار بارش کی وجہ سے معطل کردیا گیا تھا۔
بھارت نے 24.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے تاہم بارش کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا تھا اور معطل کر دیا گیا تھا ۔