12 ستمبر ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ نے فاسٹ بولرزحارث رؤف اور نسیم شاہ کی انجری کے پیشِ نظر 2 بیک اپ فاسٹ بولرز طلب کر لیے۔
پیر کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
بھارت کے 356 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بناسکی، پاکستان کےخلاف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔
بھارتی اننگز کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف اور نسیم شاہ انجری کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کی اننگز میں بیٹنگ کرنے بھی نہیں آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث رؤف اور نسیم شاہ کی ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف شرکت مشکوک ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں فاسٹ بولرز کی انجریز کی نوعیت کا جائزہ لیا جائےگا،جس کے بعد ان کی ایشیا کپ میں شرکت کا فیصلہ ہوگا۔
تاہم حارث رؤف اور نسیم کی انجری کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ نے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی اور زمان خان کو بیک اپ بولر کے لیے طلب کرلیا۔
یہ اقدام آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس اور ان کی صحت کے معیار کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔
حارث رؤف اور نسیم شاہ کا میڈیکل پینل معائنہ جاری رکھے گا، دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل( اے سی سی) کی ٹیکنیکل کمیٹی کو متبادل کھلاڑیوں کے لیے درخواست دے گئی ہے۔
اگر نسیم شاہ یا حارث رؤف اگلے 7دن کے اندر ٹورنامنٹ سے باہر ہوتے تو ان کے متبادل کے لیے درخواست دی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سپر فور مرحلے کے اگلے میچ میں جمعرات کو سری لنکا کا مقابلہ کرنا ہے جبکہ ایشیا کپ کے بعد اکتوبر میں کرکٹ ورلڈکپ بھی شیڈول ہے۔