Time 12 ستمبر ، 2023
کھیل

ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف بدترین شکست پر شاہد آفریدی کا بیان

فوٹو: کرک انفو/ شاہد آفریدی فائل
فوٹو: کرک انفو/ شاہد آفریدی فائل

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف بد ترین شکست پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا بیان سامنے آیا ہے۔

پیر کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی۔

بھارت کے 356 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بناسکی، پاکستان کےخلاف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔

پاکستان کی ون ڈے کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے یہ دوسری بدترین شکست ہے، اس سے قبل پاکستان 2009 میں سری لنکا سے 234 رنز سے ہارا تھا۔

بھارت سے شکست کے بعد شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'جیت اور ہارمقابلے کا حصہ ہے لیکن جیت کے لیے نہ لڑنا برا ہے، بھارت نے پاکستان کیخلاف میچ میں ہر شعبہ میں بہترین کار کردگی دکھائی'۔

شاہد آفریدی نے ویرات کوہلی کو ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 13ہزار رنز مکمل کرنے اور پاکستان کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرنے پر کوہلی اور کے ایل راہول کو  مبارک باد بھی دی۔

شاہد آفریدی نے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ  آپ اگلے میچ میں اچھی کاردکرگی دکھا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی بلے باز کے ایل راہول اور ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف ناقابل شکست اننگز کھیلیں جس کے باعث بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 2 وکٹ پر 356 رنز بنائے  تھے ۔

 ویرات کوہلی نے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ کے ایل راہول بھی 111 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسی اننگز میں کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل میں تیز ترین 13 ہزار رنز مکمل کیے، وہ 300 سے کم ون ڈے اننگز میں 13ہزار رنزبنانے والے پہلےکرکٹر بن گئے ہیں۔

انہوں نے267 ون ڈے اننگز میں 13ہزار رنز بنائے ہیں، ان کے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر میں 65 ففٹیز اور47 سنچریاں ہیں۔کوہلی نے لیجنڈ بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ سنگ میل حاصل کیا ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے 321 ون ڈے اننگز میں 13 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

واضح رہے کہ اتوار کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کو مسلسل بارش اور گراؤنڈ فیلڈ خراب ہونے کی وجہ سے معطل کر کے پیر کو ریزرو ڈے پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

مزید خبریں :