Time 12 ستمبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

پاکستان کیخلاف سنچری پر سنیل شیٹی کی داماد کے ایل راہول کیلئے کی گئی ٹوئٹ وائرل

پاک بھارت میچ میں کے ایل راہول نے پاکستان کے خلاف 106 گیندوں پر 111 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی__فوٹو: فائل
پاک بھارت میچ میں کے ایل راہول نے پاکستان کے خلاف 106 گیندوں پر 111 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی__فوٹو: فائل

بالی وڈ سپر اسٹار سنیل شیٹی نے داماد کے ایل راہول کی ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف کارکردگی پر تعریفی ٹوئٹ کی جو وائرل ہوگئی۔

ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے میں بارش کے باعث دو دن تک جاری رہنے والے پاک بھارت میچ میں کے ایل راہول نے پاکستان کے خلاف 106 گیندوں پر 111 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

بعدازاں بولرز کی شاندار پرفارمنس کے باعث  پیر کو بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی۔

بھارت کے 356 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بناسکی، پاکستان کےخلاف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔

کے ایل راہول حال ہی میں انجری کے بعد ٹیم کا حصہ بنے ہیں، وہ گزشتہ کئی عرصے سے ٹیم سے باہر تھے، پاکستان کے خلاف سینچری پر ان کے سُسر سنیل شیٹی نے ان کے لیے پیغام جاری کیا۔

سنیل شیٹی نے راہول کی کارکردگی کو شاندار قرار دیا اور لکھا 'یہ ایک فاتحانہ واپسی ہے، جس پر جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے، تمام کوششوں کو بااختیار بنانے کے لیے خدا کا شکر گزار ہوں'۔

دوسری جانب راہول کی اہلیہ اور سنیل شیٹی کی صاحبزادی اداکارہ اتھیا شیٹی نے بھی شوہر کے لیے پیغام جاری کیا۔

انہوں نے لکھا 'یہاں تک کہ اندھیری رات بھی ختم ہوگی اور سورج طلوع ہو گا'۔


مزید خبریں :