13 ستمبر ، 2023
ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل ہونے کے امکانات روشن ہوگئے۔
منگل کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے سری لنکا کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں اس وقت بھارت دونوں میچز جیت کر 4 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے، پاکستان اور سری لنکا کو 2،2 میچز میں سے ایک میں شکست ہوئی اور دونوں ہی کے 2 ،2 پوائنٹس ہیں۔
ایشیا کپ سپر 4 کے میچ میں سری لنکا کے خلاف بھارت کی فتح نے ایونٹ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جمعرات کو شیڈولڈ میچ کو سیمی فائنل کی حیثیت دلا دی ہے۔
سری لنکا کے خلاف بھارت کی فتح نے پاکستان کے لیےکیلکولیشن آسان بنادی ہے اور اسے اب رن ریٹ کی فکرکیے بغیر بس سری لنکا سے میچ جیتنا ہے۔
جمعرات کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں سپر فور مرحلے کے میچ میں مدمقابل آئیں گی اور اس میچ کی فاتح ٹیم ایشیا کپ کے فائنل کے لیےکوالیفائی کرجائےگی۔
اگر پاکستان اس میچ میں سری لنکا کو شکست دے دیتا ہے تو شائقین کرکٹ پہلی بار ایشیا کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوتا دیکھیں گے۔
ایشیا کپ کا پہلا ایڈیشن 1984 میں کھیلا گیا تھا، اس وقت سے اب تک ٹورنامنٹ کے 15 فائنل کھیلے جاچکے ہیں، پاکستان اور بھارت کا ایک بار بھی فائنل میں ٹاکرا نہیں ہوسکا۔
تاہم شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ پاکستان جمعرات کو سری لنکا کو شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گا جہاں اس کا مقابلہ 17 ستمبر کو بھارت سے ہوگا۔
دوسری جانب پاکستانی فینز کو اب یہ دعا بھی کرنا ہوگی کہ جمعرات کو کولمبو میں بارش میچ متاثر نہ کرےکیوں کہ اگر میچ کا نتیجہ نہ آیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا تو پھر نیٹ رن ریٹ پر پاکستان ٹیم فائنل کی دوڑ سے آؤٹ ہوجائےگی اور بھارت کی ٹیم کے ساتھ سری لنکا فائنل کھیلےگا۔